یوم آزادی تقریبات، کشتواڑ میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا

کشتواڑ//ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے ڈی پی او کشتواڑ میں یوم آزادی تقریبات کیلئے سیکورٹی اجلاس کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران ایس ایس پی کشتواڑ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر رہا جائے ۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں گشت کو یقینی بنائیں اورکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ایس ایس پی کشتواڑ نے ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ ضلع میں پرامن ماحول اور سیکورٹی گرڈ کو مضبوط رکھنے کے لیے زمینی سطح پر دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ہم آہنگی اور بہتر رابطہ قائم رکھیں۔ پولیس نے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قصبہ میں پیدل مارچ کیا جس میں پولیس، سی آر پی ایف و دیگر سیکورٹی ایجنسیاں شامل تھیں۔