نئی دہلی// نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کل نوعمر بچوں کو انصاف کی فراہمی(بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) سے متعلق قانون میں حالیہ ترمیم کا خیر مقدم کیا اور زمینی سطح پر اس قانون کی موثر عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔نائیڈ ونے ، یہ رائے زنی اس وقت کی جب خواتین اور بچوں کے بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی ایرانی، اُپ راشٹر پتی نواس میں ان سے ملاقات کرنے آئیں۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یتیم بچوں سے متعلق امور کے بارے میں بہت سے تجاویز موصول ہوئی ہیں۔وزیرموصوف نے انہیں جووینائل جسٹس(بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) میں ترمیم سے متعلق بل 2021 کی اہم خصوصیات سے واقف کرایا۔ اس بل کو حال ہی میں راجیہ سبھا نے پاس کیا ہے ۔محترمہ ایرانی نے نائب صدر جمہوریہ کو اس بات سے بھی مطلع کیا کہ حالیہ ترمیم کی بدولت ضلع مجسٹریٹ صاحبان اور ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ صاحبان کو، یتیم بچوں کو گود لینے سے متعلق عمل میں تیزی لانے اور ان کے زیادہ سے زیادہ تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے باختیار بنایا گیا ہے ۔محترمہ اسمرتی ایرانی نے یتیم بچوں کی بہبود کے مقصد سے مرکز کے ذریعہ ریاستوں کے ساتھ اشتراک سے نافذ کیے جا رہے امدادی اور بازآبادکاری سے متعلق اقدامات سمیت مختلف اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔