۔9.44 کروڑ کھاتوں میں 18,880 کروڑروپےپہنچیں گے
یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی 20 جون کو مغربی بنگال کے ہوگلی ضلع سے وزیر اعظم کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) کی 23 ویں قسط جاری کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا اور از سر نو تشکیل شدہ موسم پر مبنی فصل بیمہ یوجنا، ڈیجیٹل ایگریکلچر مشن کے تحت ایگری ٹیک، قومی قدرتی زراعت مشن اور وزیر اعظم دھن-دھانیہ کرشی یوجنا جیسی اہم پہلوں کی شروعات کریں گے۔زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی اہم موجودگی میں مغربی بنگال میں ہونے والا یہ قومی سطح کا پروگرام کسانوں، دیہی برادری اور نوجوانوں کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں مرکز حکومت کا عزم ہے کہ مشرقی ہندوستان کو زراعت، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کا مضبوط مرکز بنایا جائے اور 20 جون کا پروگرام اسی وژن کو زمین پر اتارنے کی سمت میں اہم پڑاؤ ہے۔
چوہان نے بتایا کہ پروگرام کے دوران وزیر اعظم مودی ہوگلی ضلع کے تارکیشور سے “پی ایم-کسان” کی 23 ویں قسط جاری کریں گے۔ اس کے تحت ملک بھر کے 9.44 کروڑ سے زیادہ کسانوں کے کھاتوں میں تقریباً 18,880 کروڑ روپے کی رقم ڈی بی ٹی (براہ راست فائدہ کی منتقلی) کے ذریعے منتقل کی جائے گی، جس سے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی آمدنی کا تحفظ اور مضبوط ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ صرف مغربی بنگال میں ہی 45.35 لاکھ سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے کسانوں کو تقریباً 907 کروڑ روپے کی قسط حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں پی ایم-کسان یوجنا کے تحت اب تک تقسیم کی گئی کل رقم 15,055 کروڑ روپے سے زیادہ ہو جائے گی، جبکہ 2019 میں اسکیم کی شروعات سے لے کر پورے ملک میں کل تقسیم 4.46 لاکھ کروڑ روپے سے اوپر پہنچ جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل ایگریکلچر مشن کے تحت وزیر اعظم مودی ایگری ٹیک پلیٹ فارم کی شروعات کریں گے، جو کھاد کی تقسیم، کسان کریڈٹ کارڈ، براہ راست فائدہ کی منتقلی اور کم از کم امدادی قیمت پر مبنی سرکاری خریداری جیسی خدمات کے لیے مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس سے کسانوں کو بروقت معلومات، شفاف خدمات اور بہتر مارکیٹ کے مواقع ملیں گے۔ چوہان نے بتایا کہ وزیر اعظم، قومی قدرتی زراعت مشن کا بھی آغاز کریں گے، جس کے تحت منظور شدہ ایکشن پلان کے مطابق مالی سال 2026-27 میں ریاست کے 17,300 ہیکٹر رقبے میں 346 قدرتی زرعی کلسٹر قائم کیے جائیں گے۔ ان کلسٹرز سے 43,250 کسانوں کو حیاتیاتی بنیاد پر ان پٹ، تربیت اور مارکیٹ تک بہتر رسائی کا فائدہ ملے گا، ساتھ ہی حیاتیاتی بنیاد پر وسائل کے مراکز اور کرشی سکھیوں کے ذریعے قدرتی کھیتی کی سمت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کو فروغ ملے گا۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی دھن-دھانیہ کرشی یوجنا کی بھی شروعات کریں گے، جو پورولیا، دارجیلنگ، علی پور دوار اور جھارگرام اضلاع میں نافذ ہوگی۔ اس اسکیم کا مقصد زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا، فصلوں کے تنوع کی حوصلہ افزائی کرنا، ذخیرہ اور پروسیسنگ جیسے فصل کے بعد کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور مختلف دیہی ترقیاتی اسکیموں کے مربوط نفاذ کو یقینی بنانا ہے، جس سے کسانوں اور دیہی نوجوانوں کے لیے نئے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔