جموں//بابا امرناتھ اور بڈھا امرناتھ یاتری نواس کے ایک وفد نے یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کے ساتھ ملاقات کی۔پون کمار کوہلی کی صدارت میں برگیڈیئر (ر) سچیت سنگھ ، نیلا کرن شرما ، سدھر شن کھجوریہ ، ڈاکٹر گوتم مینگی ، کرن سنگھ چاڈک ،راجیش گپتا ،شکتی دَت شرمااور ابھیشک گپتا پر مشتمل وفد نے شری امرناتھ جی اور شری بڈھا امرناتھ جی یاترا سے متعلق کئی معاملات پر ایل جی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کووِڈ ۔19 سے پیدا شدہ صورتحال کے نتیجے میں یاترا سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے تاہم صورتحال کا وقتافوقتاً جائزہ لیا جائے گا۔اُنہوںنے کہا کہ 20,000 ہیلتھ ورکروں اور 30,000پولیس و پیر املٹری اہلکار کورونا وائرس کی روکتھام کے لئے کام کر رہے ہیں اور یاترا میں ان کی ضرورت بھی پڑے گی۔ڈیلی گیشن کے ممبران نے یاترا کے لئے کئی تجاویز دیں جن میں یاترا کی مدت کو کم کرنا ، خاص عمر کی لوگوں کو یاترا پر جانے کی اجازت دینا ، یاترا کے لئے آن لائن رجسٹریشن کرنا شامل ہیں ۔وفود نے اس کے علاوہ دیگر کئی تجاویز بھی پیش کیں۔وفد نے پوجا کو براہِ راست ٹیلی کاسٹ کرنے کی بھی تجویز پیش کی جس پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس سلسلے میں امکانات کا جائزہ لیاجارہا ہے ۔انہوں نے وفد سے تلقین کی کہ وہ لنگر اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں ۔ایل جی نے کہا کہ حکومت یاترا کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے تمام امکانات کا جائزہ لے گی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ سب کووِڈ۔19 کی صورتحال پر منحصر ہوگا۔