ایجنسیز
میڈرڈ/اسپین کے مایہ ناز نوجوان فارورڈ لامین یمال نے انکشاف کیا ہے کہ ہیمسٹرنگ انجری کے بعد وہ فیفا ورلڈ کپ 2026سے محروم ہونے کے خوف سے شدید خوفزدہ تھے اور انہوں نے وقت پر صحت یابی کے لئے دعائیں مانگیں۔ 18 سالہ مراکشی نژاد لامین یمال کو 22 اپریل کو بارسلونا کی طرف سے سیلٹا ویگو کے خلاف ہسپانوی لیگ میچ میں پنالٹی کک لگاتے ہوئے بائیں ٹانگ میں یہ چوٹ آئی تھی۔ ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کو دئیے گئے انٹرویو میں لامین یمال کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے کبھی ایسی انجری نہیں ہوئی تھی، اس لئے میں جانتا تھا کہ یہ جلدی ٹھیک ہونے والی چوٹ نہیں ہے ۔
مجھے ڈر تھا کہ یہ کوئی سنگین مسئلہ نہ ہو یا دوبارہ ابھر نہ آئے ، جس کی وجہ سے میرا ورلڈ کپ چھوٹ جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ پنالٹی اسکور کرتے ہی انہوں نے بینچ کی طرف اشارہ کیا اور گراؤنڈ پر گر گئے کیونکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ ورلڈ کپ بہت قریب ہے ۔ اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے گزشتہ ہفتے لامین یامال کو اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ وہ ٹورنامنٹ کے پہلے یا دوسرے میچ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے ۔ سپین کی ٹیم 11 جون سے شمالی امریکہ میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 15 جون کو اٹلانٹا میں کیپ ورڈی کے خلاف کرے گی، جس کے بعد وہ 21 جون کو سعودی عرب اور 26 جون کو یوراگوئے کے مدمقابل آئے گی۔ یورو کپ چیمپئن اسپین کی ٹیم ہفتہ سے میڈرڈ میں اپنے تربیتی کیمپ کا آغاز کر چکی ہے ۔