نئی دہلی// کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ چین کی سرحد پر جنگ کا ماحول ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتی۔جمعہ کو یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں محترمہ گاندھی نے کانگریس کے ذریعہ کل خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ‘شہداء کو سلام’ کے موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ چین ہماری سرحد میں داخل نہیں ہوا ہے ، تو حکومت یہ بتائے کہ ہمارے 20 فوجی کیسے ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کو ہندوستان کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی بجائے یہ بتانا چاہئے کہ چینی فوجی کب اور کیسے ہماری سرحد سے باہر ہوں گے ۔ چینی فوج وادی گلوان میں نئی تعمیرات اور نئے بنکر تعمیر کرکے سرحدوں کی خلاف ورزی کررہی ہے اور سیٹیلائٹ کی تصویر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ چین نے سرحد پر اپنی فوجی پوزیشن کو مضبوط کرلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ملک ہماری فوج کے ہاتھوں میں محفوظ ہے اور کانگریس پارٹی حکومت اور فوج کے ساتھ پوری طرح کھڑی ہے ۔ چینی دراندازی کی تصدیق مختلف ذرائع سے کی گئی ہے ۔