یو این آئی
نئی دہلی//ورلڈ بینک نے جمعرات کو کہا کہ موجودہ مالی سال 2026-27 میں ہندوستانی معیشت 6.6 فیصد کی شرح سے بڑھے گی اور ایک بار پھر دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشت بنے گی۔ورلڈ بینک کی یہاں جاری کردہ “انڈیا ڈیولپمنٹ اپڈیٹ” میں کہا گیا ہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے ایندھن کی اونچی قیمتوں اور سپلائی چین میں آئی رکاوٹ کا معاشی سرگرمیوں پر اثر پڑے گا، لیکن اس سست روی کے باوجود ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشت بنا رہے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی مضبوط بنیاد اور پالیسی اقدامات کی وجہ سے ہندوستان پر مغربی ایشیا میں پیدا ہوئے جیو پولیٹیکل بحران کا اثر اتنا زیادہ نہیں ہوگا۔ ہندوستان کے پاس وافر غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ہیں، افراط زر کی شرح کم ہے، سرکاری قرضوں کا بڑا حصہ روپے میں ہے، مالیاتی شعبہ مضبوط ہے اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا کرنے میں تجارت میں تنوع مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ورلڈ بینک نے رواں مالی سال میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.6 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے۔ یہ گزشتہ مالی سال کی 7.6 فیصد کی ترقی کی شرح سے کم ہے جو ہندوستان نے امریکہ کی جانب سے 50 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے باوجود حاصل کی تھی۔