یواین آئی
ممبئی/ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا حتمی اعلان کر دیا ہے ۔ آئی پی ایل 2026 کے اختتام کے فوری بعد، ہندوستانی ٹیم جون میں افغانستان کے خلاف ایک ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچوں کی میزبانی کرے گی۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی تاریخ کی پہلی باقاعدہ دو طرفہ ون ڈے سیریز ہوگی۔سیریز کا آغاز 6 جون سے ہوگا جبکہ واحد ٹیسٹ میچ 6 سے 10 جون تک نیو چندی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تین ون ڈے میچ 14 جون کو دھرم شالہ، 17 جون کو لکھنؤ اور 20 جون کو چنئی میں منعقد ہوں گے ۔یہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ فارمیٹ میں اب تک کا دوسرا ٹکراؤ ہوگا۔پہلا ٹیسٹ 2018 میں کھیلا گیا تھا، جہاں ہندوستان نے افغانستان کو ایک اننگز اور 262 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ میچ موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2025-27) کے سائیکل کا حصہ نہیں ہوگا۔ون ڈے کرکٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں صرف ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے کثیر القومی ٹورنامنٹس میں آمنے سامنے آئی ہیں، اس لیے یہ پہلی دو طرفہ سیریز دونوں ممالک کے کرکٹ روابط میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد یہ ہندوستان کی پہلی انٹرنیشنل سیریز ہوگی۔ اس سیریز کے فوراً بعد ہندوستانی ٹیم یکم سے 19 جولائی تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں 5 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے ۔افغان ٹیم ورلڈ کپ کے فوراً بعد یو اے ای میں سری لنکا کی میزبانی کرے گی جس میں 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے شامل ہیں۔