یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان اور نیدرلینڈ نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے مشترکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کمیٹی قائم کی ہے۔ وزارت تجارت اور صنعت کی ایک پریس ریلیز کے مطابق ہندوستان اور نیدرلینڈ کی جانب سے جمعہ کے روز اس سلسلے میں ایک مفاہمت نامے(ایم او یو)پر دستخط کیے گئے۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان-نیدرلینڈ مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کمیٹی (جے ٹی آئی سی)کا قیام دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ہندوستان کی وزارتِ تجارت و صنعت اور نیدرلینڈ کی وزارتِ خارجہ کے ذریعے طے پانے والے اس مفاہمت نامے کا باضابطہ اعلان نیدرلینڈ کے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ وین وِیل کے دور ہندوستان اور وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر کے ساتھ ان کی دوطرفہ ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔اس مفاہمت نامے میں تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر باقاعدہ تبادلہ خیال اور تعاون کے لیے ایک رسمی ادارہ جاتی ڈھانچے، مشترکہ تجارتی کمیشن (جے سی آئی سی)کے قیام کا نظم شامل ہے۔
یہ کمیشن دوطرفہ تجارتی تعلقات کا جائزہ لینے، فریقین کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینے، سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک مخصوص نظام کے طور پر کام کرے گا۔ معاہدے کے تحت سالانہ بنیاد پر ہندوستان اور نیدرلینڈ میں اجلاس منعقد ہوں گے، جس سے ادارہ جاتی سطح پر تسلسل اور پائیدار تعاون یقینی بنایا جائے گا۔جے ٹی آئی سی کی مشترکہ صدارت ہندوستان کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمہ تجارت کے ایڈیشنل سکریٹری اور نیدرلینڈ کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل(غیر ملکی اقتصادی تعلقات)کریں گے۔ اس میں فریقین کے نمائندہ وفود شامل ہوں گے، جن میں سرکاری افسران اور دیگر نامزد اراکین شامل ہوں گے۔