یو این آئی
ممبئی/ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے اگلے 12 ماہ انتہائی مصروف ثابت ہوں گے ۔ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ٹیم کو آئرلینڈ، سری لنکا، زمبابوے ، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں، جبکہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز اور ہوم سیریز بھی اس شیڈول کا حصہ ہیں۔ہندوستانی ٹیم یکم سے 19 جولائی تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں 3 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے ۔ انگلینڈ جانے سے قبل، جون کے آخری ہفتے میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں 3 میچوں کی مختصر سیریز کے لیے بات چیت جاری ہے ۔ اس سے قبل 10 سے 20 جون تک ہندوستان میں افغانستان کے خلاف ایک ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے ۔جولائی اور اگست میں سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم سری لنکا کا دورہ کر سکتی ہے ۔
اس دورے میں 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔ سری لنکا کرکٹ نے بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے کہ سیلاب زدگان کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے 3 اضافی ٹی 20 میچز بھی کھیلے جائیں۔ جاپان کے شہر ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ایشین گیمز ہوں گے ۔ ہندوستان دفاعی چیمپئن کے طور پر اپنی ٹی 20 ٹیم جاپان بھیجے گا۔ اسی دوران ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچوں کے لیے ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ امکان ہے کہ ایک ٹیم جاپان میں ہوگی جبکہ دوسری ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔ستمبر میں ہی متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف 3 ٹی 20 میچز شیڈول ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی طے ہے ، تاہم اس کے لیے ہندوستانی حکومت کی منظوری درکار ہوگی۔ہندوستانی ٹیم 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ پہنچے گی جہاں ایک مکمل سیریز کھیلی جائے گی۔ بی سی سی آئی اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ ون ڈے میچوں کی تعداد 3 سے بڑھا کر 5 کر دی جائے ۔ اس دورے میں 5 ون ڈے ، 5 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہوں گے ۔نیوزی لینڈ سے واپسی پر دسمبر میں ہندوستان ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کی میزبانی کرے گا۔ اس کے بعدجنوری – فروری 2027 میں تاریخی بارڈر-گواسکر ٹرافی (ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا) کھیلی جائے گی۔مارچ – مئی 2027 میں انڈین پریمیئر لیگ کا 20 واں سیزن منعقد ہوگا۔