یو این آئی
سنچورین/ہندوستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ہم نے بلے بازی، گیند بازی اور فیلڈنگ میں جارحانہ کارکردگی دکھائی ہے اور میں اس جیت سے بہت خوش ہوں۔ سوریہ کمار نے تلک ورما کی شاندار سنچری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تلک نے موقع سے فائدہ اٹھا کر خود کو ثابت کیا۔سنچورین میچ جیتنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سوریہ کمار نے کہا کہ ہم نے آج اور پرسوں ٹیم میٹنگ میں جو بھی بات کی، ہم نے اس پر عمل کیا۔ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ ہم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں جارحانہ انداز کا ثبوت دیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ آخری میچ کے بعد ہی تلک نے مجھ سے بات کی تھی کہ وہ تیسرے نمبر پر موقع چاہتے ہیں اور میں نے بھی سوچا کہ انہیں موقع دیا جائے ۔انہوں نے کہا، ‘‘وہ (تلک ورما) گکیبرہا میں میچ ختم ہونے کے بعد میرے کمرے میں آئے تھے اور کہا کہ مجھے تیسرے نمبر پر بلے بازی کا موقع دیجئے ۔ میں ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ میں نے کہا جا ؤ اور خود کو ثابت کرو۔ اس نے جو کہا وہ کر دکھایا۔ آج کا دن ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بہت خوشی کا دن ہے ۔’’ پلیئر آف دی میچ منتخب ہونے والے تلک ورما نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، سیریز کے نقطہ نظر سے بھی یہ ایک اہم میچ تھا، اس لیے ایسی اننگ کھیل کر مجھے خوشی ہے ۔ اس کا پورا کریڈٹ کپتان سوریہ کمار یادو کو جاتا ہے ۔ انہوں نے میچ سے پہلے مجھ سے کہا کہ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرسکتا ہوں اس لیے وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ ہم خود پر دباؤ نہیں لیتے ، ٹیم انتظامیہ ہر کھلاڑی کی حمایت کرتی ہے ۔