سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صوبہ کشمیر کے صدرناصراسلم وانی نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس جموں کشمیرکے تینوں خطوں کی یکساں ترقی ،تہذیب و تمدن کی رکھوالی اور بھائی چارے کی علمبردار جماعت رہی ہے اور ہماری جماعت آج بھی اپنے سنہری اصولوں پر چٹان کی طرح قائم و دائم ہے۔ایک بیان کے مطابق ناصر اسلم وانی نے پارٹی صدردفتر پرتنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں غیر مقامی باشندوں کی ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ،اہل کشمیر اِس کی مذمت اور ملامت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہلاکتیں کشمیریوں کو بدنام کرنے کیلئے کی جارہی ہے لیکن دشمن کبھی بھی اپنے ان مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ نئے لوگوں خصوصاً پڑھے لکھے نوجوانوں کے آنے سے جماعت کو ایک نئی جہت ملتی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ سب نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سمیر کول نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس ایک خاندان کی مانند ہے اور اس میں شامل ہونے کیلئے کسی کو لالچ نہیں دیا جاتا یہاں لوگ اپنی مرضی سے آتے ہیں کہ کیونکہ اس جماعت کو لوگوں کی بے انتہا محبت اور پیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا اور اس کیلئے بیش بہا قربانیاں پیش کیں ہے۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں پی ڈی پی ضلع ویمنز ونگ سعیدہ گلشن، انسانی حقوق کارکن شاہ فرقان، سہرش، سمرن، انگھد، ابرار، زبیر، سمر، ابوزر اور دائود کے نام قابل ذکر ہیں۔