کشتواڑ//سوموار کی صبح سرتھل و گالی گڑھ کے مقامی لوگوں نے ہستی کے مقام پر کشتواڑ بٹوت شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بند کیا ۔ احتجاج کررہے لوگ ہستی سرتھل سڑک کی خستہ حالت اور اس پر میکڈم بچھانے کی مانگ کررہے تھے۔ پی آر آئی ممبران نے بتایا کہ انھیں عوام کے سامنے جاکر انھیں جواب دینے میں مشکلات آرہی ہیںکیونکہ وہ مسلسل اس سڑک پر میکڈم بچھانے کی مانگ کرہے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی اس سڑک کی حالت ابتر ہے، اس سڑک پر سفر کرنا دشوار ہے اور کئی گھنٹے اس سڑک پر لگ جاتے ہیں۔ بعد میں ایس ایچ اوکشتواڑ موقع پر پہنچے اور انھیں احتجاج ختم کرنے کو کہا لیکن احتجاجی مظاہرین ضلع ترقیاتی کمشنر کے وہاں آنے کی مانگ کررہے تھے تاہم بعد میںپولیس کی یقین دہانی پر انھوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا جسکے بعد ٹریفک بحال کیا گیا۔واضح رہے کہ اسی ماہ بی جے پی نے اس سڑک کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے گھوٹالے کی بات کہی تھی جبکہ بی جے پی نے پریس کانفرس میں اس کو لیکر تحقیقات کی مانگ کی تھی تاکہ اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔