جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ یوگا کی بدولت انسان کو امن و سکون حاصل ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوگا جسمانی و ذہنی نشوو نما کے علاوہ انسان اور قدرت کے درمیان بہتر پہچان پیدا کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر نرمل سنگھ یہاں ہارٹ فُل نیس یوگا اینڈ میڈیٹیشن سینٹر ، سہوری کیمپ گول گجرال میں منعقدہ بین الاقوامی یوگا دِن کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر سنگھ اس موقعہ پرمہمان خصوصی تھے جبکہ ایم ایل اے سکھ نندن چودھری مہمان ذی وقار تھے۔یوگا کے دِن پر یوگا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ مادیت کی طرف جھکنے کے بجائے بہتر صحت اور تندرستی کو یقینی بنانے کو اپنا معمول بنائیں تاکہ انہیں تمام امراض سے نجات حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ یوگا کی بدولت امن و سکون حاصل ہوتا ہے اور انسان کو حقیقی خوشی اور شفافیت حاصل ہوتی ہے ۔یوگا کو ہندوستان کی قدیم بیش بہا روایت قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ یوگا کو روحانی ورزش کے علاوہ جسمانی ورزش بھی مانا گیا ہے اور آج کے دور میں یوگا پوری دنیا میں اعلیٰ قسم کے علاج و معالجہ کے طریقہ کار کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔سپیکر نے ہارٹ فُل نیس یوگا اور میڈیٹیشن سینٹر کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت انہوںنے یوگا دِن کے تقریبات کو منانے کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کی شروعات وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔مشہور سنسکرت کہاوت ’’ واسو دیوا کٹمبکم ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پوری دنیا اصل میں ایک ہی کنبہ ہے اور کنبے کا ہر فرد کو چاہیئے کہ وہ اپنے و دیگر لوگوں کی صحت و سلامتی کے لئے اپنا رول ادا کریں۔