عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر ہائیڈل پالیسی 2025 کا ایک مسودہ تیار کیا گیا ہے اور اسے سٹیک ہولڈرز کی رائے کے لیے پبلک ڈومین میں رکھا گیا ہے۔چھوٹے دریائوں کو استعمال کرنے اور مقامی طور پر سستی بجلی فراہم کرنے کے بارے میں اسمبلی میں رکن جاوید اقبال کے سوال کے جواب میں عبداللہ نے کہا، “جموں و کشمیر ہائیڈل پالیسی 2025 کا مسودہ ماضی سے سیکھنے اور سابقہ پالیسیوں کے نتائج کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے، پڑوسی ریاستوں کے بہترین طریقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے”۔
انہوں نے کہا”مسودہ مختلف سٹیک ہولڈرز اور عام لوگوں کے تبصروں اور تجاویز کے لیے پبلک ڈومین میں رکھا گیا ہے۔ رائے پر غور کرنے کے بعد، پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی اور مطلع کیا جائے گا۔”انہوں نے کہا کہ پالیسی کا مقصد اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری لا کر، روزگار پیدا کرنا اور مقامی سماجی و اقتصادی حالات کو فروغ دے کر چھوٹے ہائیڈرو پراجیکٹس کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔مجوزہ پالیسی کے تحت، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈویلپرز کو کمرشل آپریشن کی ایک مخصوص مدت کے بعد یوٹی کو مفت بجلی یا رائلٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی، جس سے حکومت کی بجلی کی خریداری کے اخراجات کم ہوں گے اور پورے خطے کے صارفین کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا”جے اینڈ کے کو آئی پی پیز کے ذریعہ مفت بجلی کی فراہمی بجلی کی خریداری کی مجموعی لاگت کو کم کرتی ہے اور اس کے نتیجے میں بجلی صارفین کو فائدہ پہنچتا ہے”۔