محمد تسکین
بانہال // ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کے بانہال کونسلر اور سنیئر کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے منعقدہ ایک تقریب میں ہائر سیکنڈری سکول بانہال بوائز میں ایک ہائی ٹیک لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور اس پر کام کو شروع کیا گیا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر امتیاز کھانڈے نے اس جدید لائبریری پروجیکٹ کیلئے اپنے ڈی ڈی سی فنڈز سے پچاس لاکھ روپئے کی رقم واگذار کی ہے اور اس کو مکمل کرنے کیلئے مذید رقم مختص رکھی جا رہی ہے۔ اس موقع پر محکمہ پی ڈبلیو کے ، ٹھیکیدار اور ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال کے سٹاف ممبران اور مقامی لوگ موجود تھے۔ اس موقع پرامتیاز احمد کھانڈے نے بتایا کہ اس لائبری کو موجودہ دور کے جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جائیگا اور اس سے غریب اور ذہین بچوں کو تعلیم و تربیت کے میدان میں مدد ملے گی۔ بانہال کے مقامی لوگوں، ہائیر سیکنڈری بانہال کے عملے کے ارکان اور طلباء نے ڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے کے بانہال حلقہ میں ان کی طرف سے تعمیر و ترقی کیلئے کئے جارہے کاموں کی سراہنا کی ہے۔اس موقع پر امتیاز احمد کھانڈے نے کہا کہ اس لائبریری میں تمام سہولیات کو میسر رکھا جائے گا اور اس پر مزید رقم خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری جدید سہولیات انٹرنیٹ کمپوٹر سے آراستہ کی جائے گی اور سرکاری ملکیت والی یہ لائبریری پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال کے زیر کنٹرول رہے گی۔