یو این آئی
نئی دہلی//اس سال نومبر میں گھریلو ہوائی مسافروں کی تعداد سال بہ سال کے لحاظ سے 6.92فیصد بڑھ کر ایک کروڑ 52 لاکھ ہو گئی۔یہ پہلا موقع ہے جب ایک ماہ میں ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ گزشتہ سب سے بڑی تعداد دسمبر 2024میں ریکارڈ کی گئی تھی، جب ایک کروڑ 49لاکھ مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے)کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال جنوری سے نومبر تک کے 11مہینوں میں کل 15کروڑ 26لاکھ 35ہزار مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.26 فیصد اضافہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ دیوالی اور چھٹھ تہوار اکتوبر ماہ میں ختم ہونے کے باوجود یہ ریکارڈ نومبر میں قائم کیا ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق اکاسا ایئر 93.8فیصد کے ساتھ سیٹ آکیوپنسی ریشو (پی ایل ایف)کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔ انڈیگو 88.7 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور اسپائس جیٹ 87.7 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ایئر انڈیا گروپ کا پی ایل ایف 87.5 فیصد اور انڈیا ون ایئر کا تناسب 82.7 فیصد درج ہوا ہے۔مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے، نومبر میں انڈیکو اور اکاسا کی مارکیٹ شیئر میں کمی آئی، جب کہ ایئر انڈیا گروپ (ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس)اور اسپائس جیٹ کے مارکیٹ شیئر میں اضافہ ہوا۔ انڈیگو کی مارکیٹ شیئر اکتوبر میں 65.6 فیصد سے گھٹ کر 63.6 فیصد رہ گئے ہیں۔ ایئر انڈیا گروپ کا حصہ 26.7 فیصد، اکاسا کا 4.7 فیصد، اور اسپائس جیٹ کا 3.7 فیصد درج ہوا ہے۔دہلی، بنگلور، حیدرآباد، ممبئی، چنئی اور کولکتہ کے چھ میٹرو شہروں میں وقت پر پرواز کی کارکردگی کے لحاظ سے، اکاسا ایئر 72.2 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ایئر انڈیا گروپ کی پروازیں 69.1 فیصد، انڈیگو 69 فیصد، الائنس ایئر 59 فیصد، اور اسپائس جیٹ 48.4فیصد کے ساتھ وقت پر روانہ ہوئیں۔ چنئی ایئرپورٹ 86.4 فیصد وقت پر روانگی کے ساتھ اس فہرست میں سرفہرست ہے۔ اس کے بعد بنگلور ہوائی اڈہ 78.6 فیصد، حیدرآباد 75.5 فیصد، کولکاتہ 74.4 فیصد، دہلی 62.2 فیصد، اور ممبئی میں 50.1 فیصد وقت پر روانگی درج ہوئی ہے۔