مشتاق الاسلام
پلوامہ // پلوامہ ضلع میں ایل پی جی گیس سلنڈروں کے وزن میں کمی اور فراہمی میں تاخیر سے متعلق صارفین کی مسلسل شکایات کے بعد پلوامہ پولیس نے غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک ڈسٹری بیوٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور 80 گیس سلنڈر ضبط کر لیے ہیں۔پولیس کے مطابق قابلِ اعتماد اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن کاکاپورہ کو معلوم ہوا کہ حاجی بل کے رہائشی فردوس احمد ڈار ولد عبدالاحاد ڈار گھریلو گیس سلنڈروں سے کمرشل سلنڈروں میں ایل پی جی منتقل کر کے صارفین کو دھوکہ دینے اور ناجائز منافع کمانے میں ملوث تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف مقررہ ضابطوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 34/26 متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران پولیس ٹیم نے 35 گھریلو اور 45 کمرشل سمیت مجموعی طور پر 80 گیس سلنڈر ضبط کیے۔ادھر ضلع کے متعدد صارفین نے ایل پی جی ایجنسیوں کے خلاف شکایات کا انبار لگا دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈروں میں گیس کی کمی کے ساتھ ساتھ گھروں تک بروقت فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ایک صارف شبیر احمد ملک نے شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ انہیں او ٹی پی موصول ہونے کے پانچ روز بعد بھی گیس سلنڈر فراہم نہیں کیا گیا۔صارفین کے مطابق اس حوالے سے اے ڈی فوڈ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کے دفتر میں بھی شکایات درج کرائی جا چکی ہیں، تاہم صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آئی۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچا کر اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔