زاہد بشیر
گول//جموںوکشمیر میں اسمبلی الیکشن کے اعلانات کے چند روز قبل ہی گول سے ایس ڈی ایم کاتبادلہ ہواجس کے بعد ابھی تک یہاں پر کسی بھی ایس ڈی ایم کو تعینات نہیں کیا گیا ۔ تین ماہ گزرنے کے باوجود یہاںپر ایس ڈی ایم کی تعیناتی کے بارے میں ابھی تک کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین و ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد گول میں ایس ڈی ایم کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تا کہ یہاں پر لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل ہوں ۔ اس سلسلے میں ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ دورہ گول کے دوران مجھے اس بات کا علم ہوا کہ گول میں ایس ڈی ایم نہیں اور میں واپسی کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملا ، چیف سکریٹری سے ملا بہت جلد گول میں ایس ڈی ایم تعینات ہوں گے اور رام سومیں بھی تحصیلدار جلد تعیناتی عمل میں لائی جائے گی ۔وہیں ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ ماڈل کوڈ آف کنڈیکٹ سے پہلے گول سے ایس ڈی ایم کا تبادلہ ہوا اور ابھی تک اس کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی اور اس کا چارج اے سی آر رام بن کو دیا گیا ہے اور رام بن سے گول جانااور وہاں پر لوگوں کے مشکلات کو دیکھنا کافی مشکل کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سنجیو ورما سے ملی ہوں اور وزیر اعلیٰ عمر عبدللہ سے بھی جلد ملاقات ہو گی اور ہمیں اُمید ہے کہ ایک دو ہفتے کے اندر اندر گول میں ایس ڈی ایم کی تعیناتی عمل میں لائی جائیگی۔