زاہدبشیر
گول//گول میں جنگلاتی اراضی پر ناجائز تجاوزات کے بڑھتے ہوئے واقعات کا محکمہ جنگلات نے سخت نوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات شروع کر دئے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ نے ایک خصوصی انہدامی ٹیم تشکیل دی ہے جو جنگلاتی زمین پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی انجام دے گی۔گول کے نرسنگا علاقے میں جو کہ سیاحتی مقام سے بھی مشہور ہے سر سبز میدان کے بیچوں بیچ سڑک کے کنارے ایک بہت بڑے رقبے پر غیر قانونی تجاوزات کی خبر ملتے ہی میڈیا کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کے اہلکار بھی موقعہ پر پہنچے جنہوں نے موقعہ کا جائزہ لیتے ہوئے رینج آفیسر نے اس سلسلے میں ایک ٹیم تشکیل دی جو اس سلسلے میں کاروائی کرے گی ۔ محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق ابتدائی سروے میں مختلف مقامات پر جنگلاتی اراضی پر مکانات اور دیگر تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جو سرکاری ریکارڈ کے مطابق غیر قانونی ہیں۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کر کے رپورٹ مرتب کرے اور قانون کے مطابق انہدامی کارروائی عمل میں لائی جائے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ جنگلاتی اراضی عوامی ملکیت ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی ناجائز قبضہ آرائی ناقابلِ برداشت ہے۔ تجاوزات کے باعث نہ صرف ماحولیاتی توازن متاثر ہو رہا ہے بلکہ جنگلات کو شدید نقصان بھی پہنچ رہا ہے۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے رینج آفیسر نے کہا کہ ایک ٹیم جو تشکیل دی گئی ہے جس کا سربراہ نذیر احمد فارسٹر رکھا گیا ہے اور ان کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک دو دن کے اندر اندر اس کی رپورٹ پیش کی جائے ۔ ادھر مقامی سطح پر عوام نے محکمہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کارروائی شفاف اور بلا امتیاز ہونی چاہیے تاکہ بااثر افراد بھی قانون کی گرفت میں آئیں۔ محکمہ جنگلات نے تجاوزات میں ملوث افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ناجائز تعمیرات ہٹا لیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نذیر فارسٹر جو اس ٹیم کے ہیڈ ہیں،نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کل نہدامی ٹیم اپنی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کرے گی اور کسی بھی نا جائزتجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔