گول//ضلع رام بن میں مئی کے مہینے میں محکمہ تعمیرات عامہ نے کئی سڑکوں پر میکڈم بچھانے کے ٹینڈر جاری کئے تھے لیکن آج تین ماہ گزرنے کے با وجود کسی ایک سڑک پر تعمیری کام شروع نہیں کیا گیا جس پر مقامی لوگ سخت آگ بگولہ ہوئے ۔ سب ڈویژں گول کے سوہل موڑ سے سرنڈا تک ڈیڑھ کلو میٹر ، دلواہ بدھن روڈ ،جمن ہارہ تتا پانی روڈ ، اور گول گنڈی داڑم تتا پانی روڈ کے لئے محکمہ تعمیرات عامہ نے 29مئی کو ٹینڈر نکالے تھے لیکن آج تک ان سڑکوں کی طرف محکمہ اور ٹھیکیداروں نے دیکھا تک نہیں جس پر لوگوں نے گزشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر محکمہ نے ان سڑکوں پر25اگست تک کام شروع نہیں کیا تو 26اگست کو پُر امن طو رپر احتجاج کیا جائے گا ۔ سماجی کار کن عبدالرشید نامی شہری کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن گول میں محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم گول کو بھی مطلع کیا تھا اور ضلع ترقیا کمشنر رام بن اور متعلقہ محکمہ کے ضلع آفیسران کو بھی گول سلبلہ روڈ چار کلو میٹر پر میکڈم ڈالنے کی استدعا کی تھی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ چار کلو میٹر کے بجائے صرف ایک کلو میٹر پر ہی ٹینڈر ڈالے گئے اور اس پر بھی کام شروع نہیں کیا گیا ۔ وہیں دو ہفتے قبل ایک وفد نے ایس ڈی ایم گول سے بھی ملاقات کی تھی اور اس سڑک کی حالت بارے آگاہ کیا تھا لیکن انہوں نے ایک حکم نامہ وٹس ا پ جار ی کیا تھا جس پر نہ ہی محکمہ نے کوئی عملدرآمد کیا اور نہ ہی انتظامیہ نے بعد میں اس کی طرف کوئی پیش رفت کی ۔ اب آنے والے وقت میں سردی میں مزید اضافہ ہو گا اور اس دوران یہاں ان سڑکوں پر تار کول ڈالنا یا سیمنٹ کا کام کرنا فضول ہے اور وہ کام مہینوں میں ہی تہس نہس ہو جاتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے جن سڑکوں پر ٹینڈر ڈالے ہیں اور ٹینڈر کے ہی مطابق جلد از جلد ان سڑکوں پر تعمیری کام شروع کیاجائے اور جو ٹھیکیدارا کام نہیں کرنا چاہتا ہو اُس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے تا کہ آئندہ کوئی بھی ٹھیکیدار ٹینڈر ڈالنے کے بعد اس طرح کی لا پروائی نہ برتے ۔