گول//گول ڈاک بنگلہ میں آج ایم ایل اے گول ارناس اعجاز احمد خان کا ایک عوامی دربار کا انعقاد ہوا جس میں ضلع و سب ڈویژن کے آفیسران موجود تھے ۔ اس موقعہ پر دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے علاقہ جات میں مسائل سے روشناس کرایا ۔ اس موقعہ پر اعجاز احمد خان نے عوامی مسائل بغور سنے اور موجود آفیسران سے کہا کہ کسی بھی مسئلے پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اعجاز احمد خان نے اس موقعہ پر پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی محکموں کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی حالت ابتر ہے جہاں لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں علاقوں کے لوگوں کے دوسرے مسائل حل کرنے میں اہم ہیں اگر سڑکیں ہی خراب ہیں تو دوسرے مسائل کیسے حل ہوں گے ۔ انہوں نے پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی کے آفیسران سے کہا کہ وہ علاقوں میں جائیں اور زمینی سطح پر سڑکوں کی حالت دیکھیں وہیں اس موقعہ پر انہوں نے گریف حکام کو گول کینٹھہ سڑک کو گول بازار سے لے کر دورتر موڑ موڑ تک نومبرتک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ وہیں رینیو کمپلیکس اور کمنٹی ہال کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی اور کہا کہ دسمبر تک یہ تمام مکمل کریں اور سنگلدان ڈاک بنگلہ پر جلد تعمیری کام شروع کیا جائے اعجاز احمد خان نے کہا۔ انہوں نے اس موقعہ پر سڑکوں پر ڈالے جا رہے بلیک ٹاپ پر اعجاز احمد خان نے کہا کہ اگر پہلے کی طرح سڑکوں پر ناقص بلیک ٹاپ ڈالا گیا تو وہ اے ای ای اور اے ای کی تنخواہوں سے رقومات کاٹیں گے اور ایسی لا پروائی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقعہ پر چھپرن نالہ پر بالی برج (پل) چار مہینے کے اندر اندر تعمیر کرنے کی یقین دہانی کراتی ہوئے گریف کے ٹو آئی سی نے کہا کہ اس بارے میں اعلیٰ حکام کو پرپوزل بھیجا ہے ۔ اس موقعہ پرپٹیل کمپنیوں کی جانب سے چوردرازے سے بھرتیوں پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنی چور درازے سے لگا رہے ہیں اور اب یہاں کی انتظامیہ نے فارم تو یہاں کے نوجوانوں کے بھرے لیکن ابھی ان فارموں بارے انتظامیہ کچھ نہیں کر رہی ہے ۔ دربار میں موجود ایس ڈی ایم نے کہا کہ 13ستمبر کو فارموں کی چھان بین کی جائے گی اور جلد بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر کیندریہ ویدیالیہ پر بات کرتے ہوئے زیڈ ای او نے کہا کہ 20جولائی کو انہوں نے رام بن میں جگہ کے لئے ایک تحریری طور پر دیا ہے لیکن اعلیٰ حکام نے ابھی تک کوئی واپسی جواب نہیں آیا ہے ۔ اس موقعہ پر ہسپتال میں امراض خواتین کی عدم دستیابی اور دوسرے مسائل بھی اُبھارے گئے ۔ سی ایم او رام بن نے کہا کہ رام بن میں جلد بلڈ بنک شروع کیا جائے گا اور گول سب ڈویژن میں دو ماہر امراض خواتین کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ اس موقعہ پر گول اور سنگلدان بازار میں صفائی بارے اعجاز احمد خان نے دونوں بلاک آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد بازارمیں صفائی کا پروگرام بنائیں اور گریف حکام سے کہا کہ وہ سنگلدان بازار میں سڑک پر جو پلاسٹک پلیٹیں بچھائی گئی ہیں اُن کو ہٹایا جائے کیونکہ اس سے حادثات رونما ہو رہے ہیں ۔ گول و ملحقہ جات میں لوگوں کو گندہ پانی سپلائی ہونے پر انہوں نے موقعہ پر موجود ایس ڈی ایم سے کہا کہ وہ زمینی سطح پر جائزہ لیں اور محکمہ کو ہدایت دیں کہ وہ لوگوں تک صاف پانی فراہم کریں ۔ آخر پر دربار سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد خان نے کہاکہ ’’مجھے اگلے دربار میں شکائتیں نہیں سننی ہیں جو آج شکائتیں لوگوں نے کیں وہ اگلے دربار تک حل ہونی چاہئے ‘‘۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ علاقہ جات کا دورہ کریں اور لوگوں کے مسائل حل کریں اور اگلے دربار میں اگر اس طرح کے پھر مسائل سننے پڑے جو پہلے سنے ہیں تو اُس وقت کسی بھی آفیسر کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔