زاہد بشیر
گول//علاقے مکجی میں گزشتہ شب نامعلوم افراد نے سڑک میں نصب کی گئی سرکاری ہوم پائپیں نکال کر لے گئے، جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق یہ ہوم پائپ عوامی سہولت اور سڑک کے نکاسی آب کے منصوبے کے لئے نصب کی گئی تھیں تاہم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ شرپسند عناصر انہیں چوری کرکے لے گئے۔ اس واقعے سے نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچا بلکہ ترقیاتی کام بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی جرت نہ کر سکے۔عوام نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے سرکاری سامان کی حفاظت کے لئے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور رات کے اوقات میں نگرانی بڑھائی جائے تاکہ عوامی وسائل محفوظ رہیں۔اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ نے جب اے ای ای محکمہ تعمیرات عامہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کرنی چاہی تو انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ اس دوران محکمہ کے ایک آفیسر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ سڑک سے کسی نے ہوم پائپیں نکال لیں اور کسی دوسری جگہ منتقل کیں اور بعد میں جب لوگوں نے اس پر شور مچایا تو پھر سے وہ ہوم پائپیں واپس رکھ دی ہیں ۔