گول// علاقہ داچھن میں لوگوں نے آج پیر کے روز سومو ڈرائیوروں کی جانب سے منہ مانگے کرایہ وصولنے اور سڑک کی تعمیر میں آئی اراضی کے معاوضے کے مطالبہ کو لیکر شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 1996میں یہ سڑک تعمیر ہوئی ہے لیکن ابھی تک لوگوں کو معاوضہ نہیں دیا گیا ہے ۔ لوگوں کا یہ بھی مبینہ الزام تھا کہ علاقے میں زیادہ تر غریب لوگ ہی رہتے ہیں اور ان کی آواز ہر سطح پر دبائی جا رہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے آج صبح گول داچھن روڈ پر سخت رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور پورے دن انتظامیہ اور سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے رہے ۔ اس دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس سڑک پر چلنے والی مسافر گاڑیاں بالخصوص ٹا ٹا سومووالے منہ مانگے کرایہ وصول کرتے ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ صرف پانچ کلو میٹر پر تیس روپے سومو والے کرایہ لیتے ہیں او ر یہاں داچھن کے لوگوں کو سومو میں نہیں سوار ہونے دیتے ہیں ،جس وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں نے انتظامیہ اور سرکار سے جلد از جلد اس سڑک میں آئی اراضی کے معاوضے کو واگذار کرنے کی مانگ کی ۔ اُدھر کرایہ کے سلسلے میں اے آر ٹی او رام بن نے کہا کہ ایک کلو میٹر کے لئے2روپے55پیسے کرایہ مقرر ہے اور تمام انتظامیہ کو کرایہ کی فہرست دے دی گئی ہے ۔