بھدرواہ //گورو روی داس جینتی کی تقریبات وادی چناب میں نہایت ہی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی ۔بھدرواہ میں اس سلسلہ میں لوگوں کا ایک بڑا اجتماع لکشمی نرائن مندر میں ہوا ،جہاں سے شردھالوو قدیم واسُکی ناگ مندر گاتھا بھدرواہ کی جانب روانہ ہوئے، جہاں پر گورو روی داس جی کے پرکاش اُتسو کے سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب منعقد کی گئی۔اس مبارک موقعہ پر شردھالووں نے مختلف علاقوں دلائیں، چنٹا، چکا، دھارا، سنگلی، سرول باغ، ہنگا ،منتھلہ، رونڈا و دیگر مقامت سے جھانکیاں نکالی گئی۔یہ جھانکیاں گُپت گنگا ،سیری بازار ،کوٹلی ،اُدرانہ،گاتھا ،ڈانڈی ،چنوٹ اور نرائن مندر سے ہوتے ہوئے واسُکی ناگ مندر گاتھا بھدرواہ کے تاریخی احاطہ میں اختتام پذیر ہوئیں،جہاں پر بھجن، کیرتن اور مذہبی خطبہ دیا گیا ۔ایک مذہبی رہنما نے اپنے خطاب میں کہا کہ گورو روی داس جی ایک عظیم سماجی اصلاحکار تھے، جنھوں نے لوگوں خصوصاً سماج کے کمزور طبقہ کی سہولیت کے لئے انتھک کوشش کی۔انہوںنے کہا کہ گورو جی کی تعلیمات امن ، روا داری ،اخوت ،شفقت، اور ہمدردانہ رویہ سے کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ اس موقعہ پر ایک لنگر کابھی اہتمام کیا گیا اور شردھالووں میں پرساد تقسیم کیا گیا ۔اس سلسلہ میں بھدرواہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔