راجوری //حیران کن طور پر راجوری میں ایک گورنمنٹ ہائی سکول دن کے دو بجے مقفل پایاگیا۔ذرائع کے مطابق دن دوبجے ذرائع ابلاغ کی ایک ٹیم نے زیارت شریف پلولیاں گائوں کادورہ کیاجہاں ہائی سکول کو مقفل پایاگیا۔ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے مطابق تمام کمرے بند تھے اور ایک بھی طالبعلم حاضر نہیں پایاگیا۔اس دوران انہوںنے چیف ایجوکیشن افسرراجوری کو مطلع کیا جنہوںنے یقین دلایاکہ وہ اس معاملے میں کارروائی کریںگے ۔چیف ایجوکیشن افسر نے کہاکہ وہ اس وقت جموں میں ایک میٹنگ میں ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس سکول میں ایک درجن سے زیادہ اساتذہ تعینات ہیں اور سینکڑوں طلباء زیر تعلیم ہیں۔یہ اس سرحدی علاقے کا واحد ہائی سکول ہے جہاں نمبلاں ، زیارت شریف ، پلولیاں ، ساہانہ گلی ، نگون اور دیگر علاقوں کے طلباء تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ آج سکول دو بجے ہی بندکردیاگیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ سکول چیف ایجوکیشن افسر راجوری کے آبائی گائوں کاادارہ بھی ہے ۔