راجوری //گورنمنٹ مڈل سکول ڈھانگری میں زیر تعلیم طلباء کو ان دنوں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے سخت مشکلات کاسامناہے۔سکول کا عملہ بھی پانی کے بغیر بری طرح سے متاثر ہورہاہے ۔سکول کے قریب نصب کیاگیا واحد ہینڈ پمپ کافی عرصہ سے ناکارہ پڑاہواہے لیکن محکمہ کی طرف سے نہ ہی اس کو ٹھیک کرایاجارہاہے اور نہ ہی کوئی متبادل انتظام کیاجارہاہے ۔حالت یہ ہے کہ طلباء پینے کا پانی قریبی گائوں سے گھروںسے مانگ کر لاتے ہیں ۔اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے سکول کے طلباء نے بتایاکہ حالانکہ ادارے میں بنیادی ڈھانچے کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن سب سے مشکل بات یہ ہے کہ انہیں پینے کا پانی دستیاب نہیں اور نہ ہی بجلی ہے ۔طلباء نے بتایاکہ خاص طور پر پانی کی قلت کی وجہ سے سارا نظام ہی درہم برہم ہوکر رہ گیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ انہیں پینے کیلئے پانی نہیں ملتا دوپہر کا کھانا پکانے اور بیت الخلاء کے استعمال کی بات تو دور کی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ پہلے وہ قریب میں نصب ہینڈ پمپ سے پانی لاکرا ستعمال کرتے تھے لیکن وہ بھی کئی عرصہ سے ناکارہ پڑاہواہے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ سکول کے نزدیک ہینڈ پمپ نصب کیاگیاتھا جس کوخراب ہوئے طویل مدت ہوگئی ہے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے سکول کیلئے دو نکلے لگائے گئے تھے تاہم وہ بھی نہیں چل رہے ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ پی ایچ ای پانی کا استعمال کررہاہے نہیںتو سکول تک بھی پانی کی سپلائی پہنچ سکتی ہے ۔لوگوں نے بتایاکہ اس حوالے سے تحریری طور پر بھی اسسٹنٹ ایگزیکٹو افسر سے شکایت کی گئی لیکن انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیاگیاکہ اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر یا زونل ایجوکیشن افسر ہی خط لکھ سکتے ہیں ۔اساتذہ کاکہناہے کہ ان کے طلباء پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں اور حکام نے مجرمانہ نوعیت کی خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ طلباء کے ساتھ زیادتی کرکے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ ایک ٹیچر نے بتایاکہ یہاں زیر تعلیم طلباء غریب گھرانوںسے تعلق رکھتے ہیں جن کیلئے تعلیم انتہائی ضروری ہے لیکن انہیں سہولیات ہی دستیاب نہیں اور سب سے بڑی مشکل یہی ہے کہ پانی نہیں مل رہا۔اس حوالے سے چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے یقین دلایاکہ وہ مسئلہ حل کریںگے ۔