عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ//گوجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن نے ضلع بارہمولہ میں قبائلی ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ضلعی باڈی اور ضلعی ایگزیکٹو باڈی کے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اتوار کے روز ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں منعقدہ ایک باوقار اور نمائندہ کنونشن کے دوران متفقہ طور پر کیا گیا۔کنونشن میں ضلع کی مختلف تحصیلوں سے آئے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کی متفقہ طور پر توثیق کی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نو تشکیل شدہ باڈیز آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے قبائلی ملازمین کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور ان کے وقار کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔
ایسوسی ایشن، جو پہلے ہی جموں و کشمیر یو ٹی کے دونوں خطوں—جموں اور کشمیر—میں فعال اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، اب ضلع بارہمولہ میں اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھائے گی۔اس دوران ضلعی باڈی کے سرپرستِ اعلیٰ حاجی فرید احمد کھٹانہ، صدر چودھری نوشاد احمد پسوال منےخب کئے گئے۔دیگر عہدیداران میں نائب صدور چودھری محمد سلیم چیچی اور چودھری مشتاق احمد دیدر شامل ہیں، جبکہ جنرل سیکرٹری کے طور پر چودھری محمد اقبال سود اور سیکرٹری کے طور پر چودھری شفیق احمد چیچی کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ترجمان چودھری منور حسین دیدر، میڈیا و پبلسٹی سیکرٹری چودھری اشفاق بشیر فامڑا، آرگنائزرز میں چودھری مشتاق احمد کھٹانہ اور چودھری اشفاق احمد چیچی، مالی مشیر چودھری صدام حسین فامڑا جبکہ کنوینر چودھری الطاف احمد بانیا مقرر کیے گئے ہیں۔ مشیران میں چودھری ریاض احمد کوہلی، چودھری نذیر احمد چیچی، چودھری عبد المجید چیچی اور چودھری محمد سلیم شامل ہیں۔اس کے ساتھ ہی ایک مضبوط ضلعی ایگزیکٹو باڈی بھی تشکیل دی گئی ہے جو تنظیمی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یہ باڈی چودھری الطاف حسین چیچی (ماسٹر) کی سرپرستی میں کام کرے گی۔