مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گلہوتہ علاقہ میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ مذکورہ علاقہ میں سے تین رابطہ سڑکیں گزرتی ہیں تاہم حکام کی جانب سے نہ تو مذکورہ سڑکوں کو بہتر بنایا جارہا ہے اور نہ ہی ان تینوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے کوئی عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ تینوں پنچایتوں میں بجلی اور پانی کا حال بے حال ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کیساتھ ساتھ اکثر مقامات پر ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جو بارشوں او ر خراب موسم میں شہریوں کیلئے دقتیں پیدا کر دیتی ہیں ۔انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کیلئے پختہ کھمبوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے خراب موسم میں اکثر سپلائی ہی بند کر دی جاتی ہے جبکہ علاقہ میں ایک رسیونگ سٹیشن کئی عرصہ قبل ہی مکمل کرلیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس سے سپلائی ہی شروع نہیں کی جاسکی ۔اسی طرح پینے کے صاف پانی کی معقول سپلائی لوگوں کو فراہم ہی نہیں کی جاتی جبکہ واٹر سپلائی سکیمیں بھی پوری طرح سے فعال نہیں ہیں ۔عام لوگوں نے بتایا کہ دس ہزار کی آبادی کیلئے علاقہ میں آج تک کوئی ہائر سکینڈری سکول قائم نہیں کیا جاسکا جبکہ لڑکیوں کیلئے بھی کوئی بڑا علیحدہ سرکاری سکول نہیں ہے ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔