عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گلمرگ گنڈولا کے آپریشنز کو دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، جو کہ 25 مئی سے تکنیکی خرابی کی وجہ سے معطل ہے۔ حکام نے اتوار کو بتایاکہ گلمرگ گنڈولا پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید قمر سجاد نے کہا کہ حکام نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ کیبل کار سروس کب دوبارہ شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جن سیاحوں نے 25 مئی سے 2 یا 3 جون کے درمیان گنڈولا کے ٹکٹ بک کرائے تھے انہیں اتوار سے رقم کی واپسی ملنا شروع ہو جائے گی۔سجاد نے کہا، “سروسز کی معطلی سے متاثر ہونے والےسیاحوںکے لیے رقم کی واپسی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔”گنڈولا سروس کو 25 مئی کو سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا، جس سے سینکڑوں سیاح کیبن میں پھنسے ہوئے تھے۔واقعے کے فورا ًبعد گنڈولا کے تکنیکی عملے اور ایمرجنسی رسپانس ایجنسیوں پر مشتمل ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران 300 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ تمام مسافروں کو بغیر کسی زخم کے بچا لیا گیا۔حکام نے ابھی تک اس سروس کو بحال کرنے کے لیے ٹائم لائن کا اعلان نہیں کیا ہے، جو کشمیر کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔