گلمرگ سمیت کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری

 سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیراورلداخ کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ منگل کی شام تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔  محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 7تاریخ کی شام سے موسم میں بہتری کا امکان ہے اور 12اپریل تک موسم خشک رہے گا۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلااوردراس میں تازہ برفباری سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔ گذشتہ شب کنگن، گنہ ون، گنڈ، کلن اور گگن گیر علاقے میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو منگل کے روز بھی دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ بعد دوپہر سے سونہ مرگ، زوجیلا، دراس میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ، جو شام دیر گئے تک جاری تھا۔ گلمرگ سمیت کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارش ہونے کی سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ گلمرگ پہلگام ، امرناتھ گھپا ، پنجترنی ، مہاگنس ٹاپ ، پیسو ٹاپ ، شیش ناگ ، گرج سیکٹر ، بنگس ویلی ، نوگام سیکٹر ، مژھل ، فرکیان گلی ، سادھنا ٹاپ ، رازدان پاس اور چوکی بل میں پیر کی شب سے ہلکی برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ، 8 اپریل سے جموں و کشمیر اور لداخ میں موسم میں بہتری آئے گی۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8ڈگری  ، پہلگام میں5.9 ڈگری  اور گلمرگ میں0.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
 
 

آج شاہراہ بند رہے گی

محمد تسکین
 
بانہال // محکمہ ٹریفک نے ایڈ وائزری جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ بدھ کو سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بند رہے گی ۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بدھ کو کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیںہو گی کیونکہ شاہراہ پر پسیاںگر آنے کا خطرہ ہے جس کے باعث مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے شاہراہ کو بدھ کے روز ٹریفک کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ادھر بانہال رام بن سیکٹر میں پیر کی شام سے ہلکی بارشوں کا شروع ہوا جو منگل کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم اسکے باوجود شاہراہ پر جموں سے وادی کی طرف معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری رہا۔ ٹریفک حکام کے مطابق منگل کی صبح مکرکوٹ اور پنتھیال کے درمیان شاہراہ پر ایک چھوٹی پسی کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت میں کم از کم آدھے گھنٹے تک متاثر رہنے کے بعد اسے دوبارہ بحال کیا گیا۔ اس دوران جواہر ٹنل ، بانہال ور پنتھیال کے علاقوں میں وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا ۔