پونچھ //پرانی پونچھ میں ہوائی پٹی کے قریب ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر کو جانے والی سڑک کے ساتھ بنائی گئی گرونانک چلڈرن پارک زبوں حالی کا شکار ہے۔ یہ پارک جو کبھی پونچھ قصبہ کے عوام کی رونق کیلئے اہم جگہ تھی ،متعلقہ حکام کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے۔ بچوں کے لئے بنائی گئی اس پارک میں خوبصور ت جھولوں کی تنصیب کی گئی تھی اورکسی دور میں پونچھ قصبہ کے لوگوں کے لئے یہ ماڈل پارک کا درجہ رکھتی تھی مگر اب اس کا حشر ہی خراب ہے ۔حکام کی طرف سے اسکی تزئین و آرائش کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے یہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔ سماج سیوا سوسائٹی کے صدر یو گل کشور کاکہناہے کہ گرونانک چلڈرن پارک کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتاہے ۔انہوںنے کہاکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ، ٹوٹے ہوئے جھولے، گھاس نما جھاڑیاں اب اس پارک کی پہچان بنی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کی چار دیواری بھی نہیں کی گئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ پارک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا لیکن بعد میں اچانک اسے بند کردیاگیا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کو پارک کی مرمت کی ہدایت دیں۔