عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے ہفتے کے روز 3 ڈاکٹروں اور ایک مبلغ کو، جنہیں لال قلعہ دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیاہے، کو 10 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔چاروں ملزمان مزمل گنائی، عدیل راتھر اور شاہینہ سعید کے ساتھ ساتھ مولوی عرفان احمد وگے کو پرنسپل اینڈ سیشن جج انجو بجاج چاندنا کے سامنے پیش کیا گیا، جنہوں نے انہیں 10 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ابھی تک، این آئی اے نے اس معاملے میںسات افراد کو گرفتار کیا ہے، جس کا تعلق جموں و کشمیر پولیس کے ذریعے پکڑے گئے “وائٹ کالر” ملی ٹینسی ماڈیول سے ہے۔این آئی اے نے ایک بیان میں کہا، “ایجنسی خودکش بم دھماکے کے سلسلے میں مختلف لیڈز پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، اور اس خوفناک حملے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور ان کا سراغ لگانے کے لیے متعلقہ پولیس فورسز کے ساتھ مل کر ریاستوں میں تلاشی لے رہی ہے۔”