عشرت حسین بٹ
پونچھ//گجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے چیف پیٹرن پروفیسر فتح محمد عباسی کی قیادت میں رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروِی سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ملاقات کی۔ اس دوران ملازمین کو درپیش مختلف اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے موقع پر ایسوسی ایشن سے وابستہ بڑی تعداد میں ملازمین بھی موجود تھی۔ وفد نے رکن پارلیمنٹ کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے گجر بکروال ملازمین اور دیگر ورکروں کو درپیش دیرینہ مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے باعث ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
وفد نے خاص طور پر ریزرویشن اِن پروموشن کے نفاذ، محکمہ جل شکتی اور محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجرز کی اجرتوں اور مستقلی، سیزنل ٹیچرز کے مسائل، محکمہ تعلیم میں خالی آسامیوں کو جلد پر کرنے اور پروموشن لسٹ کے ملازمین کو مقامی اسکولوں میں ایڈجسٹ کرنے جیسے اہم مطالبات پیش کیے۔ اس کے علاوہ قبائلی طبقے اور ملازمین سے متعلق دیگر کئی مسائل بھی رکن پارلیمنٹ کے سامنے رکھے گئے۔رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروِی نے وفد کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ان تمام معاملات کو حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل نہایت اہم نوعیت کے ہیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کی جائے گی تاکہ جلد از جلد مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے۔انہوں نے گجر بکروال ایمپلائز ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے حقوق کے لیے اس طرح کی منظم جدوجہد قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کوششیں جاری رکھیں گے۔وفد میں فاروق تنہا، جاوید اقبال دہدار، منظور حسین، غلام محی الدین، اسرار چوہدری، فرید چوہدری، الطاف چوہدری، ذوالفقار احمد میر، عبدالمجید بھڈانہ، محمد رشید بھڈانہ، محمد جاوید، انضم الحق، محمد تاج چوہدری، شفایت چوہدری، مقصود چوہان، شفیق چوہدری اور محمد اقبال سمیت دیگر نمائندگان شامل تھے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ وفد نے امید ظاہر کی کہ رکن پارلیمنٹ کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں یہ دیرینہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔