گجرات//گجرات کے ممبرپارلیمنٹ اورسابق وزیرلیلا دھرواگھیلا پرگائے نے اس وقت حملہ کردیا جب وہ گھر سے باہرنکلے ہی تھے۔ گائے کے اس حملے میں بی جے پی ممبرپارلیمنٹ کے سینے کی دوپسلیاں ٹوٹ گئی ہیں اورفی الحال وہ آئی سی یو میں داخل ہیں۔حملے کی جانکاری ملتے ہی وہاں موجود لوگوں نے انہیں نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔واگھیلا گجرات کی پاٹن لوک سبھا سیٹ سے ممبرپارلیمنٹ ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ سابق وزیرپنچ شیل پارک سوسائٹی واقع اپنے گھرسے باہرسڑک پر نکلے ہی تھے کہ ان پرایک گائے نے حملہ کردیا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واگھیلا نے گائے کورومال دکھا کر بھگانے کی کوشش تو کی، لیکن وہ ناکام رہا۔ گائے کے اس حملے سے بی جے پی ممبرپارلیمنٹ کی سینے کی دوپسلیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ نیوزایکس کی خبرکے مطابق ان کے جسم کے اندربلیڈنگ ہونے کے سبب خون جم گیا، اس وجہ سے انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف ہورہی ہے۔فی الحال واگھیلا ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی میں گاندھی نگر کے اپولو اسپتال میں داخل ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد تمام لیڈر بی جے پی ممبرپارلیمنٹ لیلا دھر واگھیلا کی خیریت دریافت کرنے اور ان سے ملنے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔