سرینگر//جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے بدھ کو علاقائی ٹرانسپورٹ افسر کشمیر کو جمعرات تک حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ، جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہو کہ بیرون ریاستوں سے گاڑیوں کو لانے والے مالکان کو15دنوں تک اپنی گاڑیوں کا اندراج کرنے کیلئے 27 مارچ کو سرکیولر جاری کرنے کی کیا ضرورت پڑی۔جسٹس علی محمد ماگرے اور ونود چٹرجی کول پر مشتمل ڈویژن بینچ نے یہ بھی واضح کیا کہ ان درخواستوں کے التواء میں رہنے سے ٹرانسپورٹ حکام کے لئے غیر مقامی رجسٹریشن نشان والی گاڑیاں اسکرین کرنے ، جموں و کشمیر میں داخلے اور دستاویزات کی جانچ کے لئے رکاوٹ نہیں ہوگی۔عدالت نے کہا کہ اس طرح کی مشق صرف محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیدار ہی کریں گے۔اس سے قبل ، آر ٹی او کشمیر ، جو ورچوئل موڈ کے ذریعہ موجوتھے ، نے عرض کیا کہ سرکیولرکو جاری کرنے کا فیصلہ سکریٹری ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے غیر مقامی رجسٹریشن والی گاڑی کی اسکریننگ کو یقینی بنانے کے لئے طلب کردہ ایک اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اس افسر کو عدالت نے واضح طور پر جب یہ پوچھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذریعہ موٹر وہیکل ایکٹ کے سیکشن 46 ، 47 اور 50 کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوئی مشق کی گئی ہے تو ،انہوںنے کہاکہ اس کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔عدالت نے کہاچونکہ یہ افسر سرکیولر کی اصل اور اس کو جاری کرنے کے اپنے اختیار کو تسلی بخش انداز میں ظاہر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ، لہٰذا عدالت مناسب سمجھتی ہے کہ کل (22 اپریل) تک اس افسر کو اپنا حلف نامہ عدالت میں پیش کرنے کے لئے کہا جائے ، جس میں اس نکتے کی نشاندہی کی گئی ہو۔ عدالت نے مزید کہا کہ سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ، جموں بھی 21 اپریل کو ورچوئل انداز کے ذریعہ موجود رہیں گے۔گذشتہ ہفتے بھی عدالت نے حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ بژھ پورہ سری نگر کے رہائشی ارشاد حسین منشی کی طرف سے دائر درخواست پر جواب داخل کرے۔ تاہم عدالت نے پہلے ہی مفاد عامہ کی قانونی چارہ جوئی کی حیثیت سے درخواست پر سماعت سے انکار کردیا ہے۔