گاندربل//گاندربل کے مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے نتیجے میں لوگوںمیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ضلع کے بنہ ہامہ،وطشن،اندرون،چونٹھ ولی وار اورکھرانہامہ میں لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔وطشن کے لوگوں کے مطابق گرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ہی پانی کی سخت قلت پیدا ہوگئی ہے اورانہیں پانی کے حصول کیلئے آدھے کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتاہے۔ادھر لارکے ملحقہ علاقہ کھرانہامہ میں ناصاف پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔مقامی شہری محمد مقبول ڈار نے بتایا کہ جل شکتی محکمہ کی جانب سے انہیں جو پانی سپلائی کیا جاتا ہے وہ ناقابل استعمال ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی اس قدر ناصاف ہے کہ گیزراوردیگر آلات خراب ہوچکے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جل شکتی محکمہ کو کئی بار آگاہ کیا گیاتاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔جل شکتی محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر محمد اسلم نے اس ضمن میںکہا کہ ٹیم علاقہ میں مسئلہ حل کرنے کیلئے روانہ کی جائے گی۔