گاندربل میں کئی سیاسی اراکین کی بھاجپا میں شمولیت | اشوک کول نے نئے ساتھیوں کا خیرمقدم کیا

گاندربل//بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے ٹائون ہال گاندربل میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سالورہ کے کونسلر عبدالمجید میر سمیت دیگر پارٹی کارکنوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جس پر پارٹی کے اعلیٰ رہنمائوں نے ان کا خیر مقدم کیا۔ تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن )اشوک کول،ضلع صدر گاندربل غلام حسن راتھر ،نائب صدر غلام قادر راتھر، ظہور گنائی ، فیروز احمد ملا، امتیاز تانترے، عابد بٹ اور عظمت خان ، میڈیا انچارج شوکت احمد شاہ ، حلقہ صدر طارق زرگر اور ریاض لون ، ضلع او بی سی مورچہ مشتاق خان اور دیگر پارٹی رہنما اور کارکن موجود تھے۔اس موقع پر اشوک کول نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ملک اس وقت وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ترقی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا شمار اس وقت ترقی یافتہ ممالک میں ہورہا ہے۔نئے کارکنوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کول نے کہا کہ بی جے پی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے کیونکہ یہ واحد پارٹی ہے جو عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کررہی ہے۔