کنگن+گاندربل//ضلع گاندربل کے بنہ پورہ کلن گنڈ اور وانی محلہ کے لوگوں نے سرینگر لداخ شاہراہ پر جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ روز سے انہیں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور انہیں ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کو اس ضمن میں کئی بار پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے کیاپیل کی گئی لیکن کوئی اقدام نہیں کیا گیاجس کے سبب وہ سڑک پر نکلنے کیلئے مجبور ہوگئے ۔مقامی سرپنچ نے اس موقع پر کہا کہ اگر چہ بابا پورہ کلن میں تیس لاکھ روپئے کی لاگت سے نیا فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا گیا ہے لیکن آج تک اس کو چالو نہیں کیا گیا ۔ اس سلسلے میں جل شکتی محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کنگن نثار احمد ڈار نے بتایا کہ محکمہ نے فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر کے لئے جس شخص سے اراضی حاصل کی گئی ہے اس سے بات چیت جاری ہے اور یہ معاملہ ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں لایا گیا ہے تاکہ زمین مالک اور محکمہ جل شکتی کے درمیان رسہ کشی ختم ہوکرمسئلہ حل ہوسکے۔ادھرگاندربل کے بیشتر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کئی علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ گرمی میں شدت کے ساتھ ہی ضلع کے متعدد علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت واقع ہوگئی ہے اورلوگوں کومشکلات درپیش ہیں۔ کچ نمبل اور آس پاس علاقوں میں گزشتہ پندرہ روز سے پانی کی قلت ہے۔ادھر بنہ ہامہ کے اوپری علاقوں میں بھی پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ولی وار کے ایک شہری محمد حنیف نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔