مشتاق الاسلام
پلوامہ//گالندر سے پلوامہ سڑک کاکہ پورہ قصبہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے جبکہ گاڑیوں کو نقل و حمل میں نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ سڑک بیشتر مقامات پر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے، جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس کے باعث حادثات کا خدشہ لاحق رہتا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت ایک سال قبل ہی کی گئی تھی مگر حیرانگی اس بات پر ہے کہ مختصر عرصے میں میکڈم اکھڑنے لگا جس نے محکمہ آر اینڈ بی کی کارکردگی اور شفافیت پربھی سوالیہ نشان لگادئے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ روزانہ ہزاروں طالب علموں، مریضوں اور ملازمین کو اس سڑک پر سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ مالی نقصان اور جانی خطرات بھی لاحق رہتے ہیں۔ بارشوں کے دوران صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے کیونکہ گڑھوں میں پانی جمع ہونے سے سڑک تالاب کی شکل اختیار کرتی ہے ۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ سڑک کی فوری اور معیاری مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے نجات ملے اور محفوظ سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔