عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن اور بینک آف بڑودہ کے مشترکہ وفد نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی، جس میں یونین ٹیریٹری میں بینکاری رسائی کو مضبوط بنانے اور اقتصادی ترقی کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بینک آف بڑودہ کے وفد کی قیادت بینا وحید (ایگزیکٹو ڈائریکٹر)، کے وی شیٹل(چیف جنرل منیجر)، سبھیک سنگھ (جنرل منیجر)اور سنتوش کمار(اسسٹنٹ جنرل منیجر) نے کی۔ جبکہ کے ٹی ایم ایف کے وفد کی قیادت اس کے صدر محمد یاسین خان نے کی، جس میں قاضی توصیف اور وشال ملہوترا سمیت نمایاں اراکین شامل تھے۔ملاقات کے دوران بینک آف بڑودہ نے جموں و کشمیر میں اپنے توسیعی منصوبے (روڈ میپ)پیش کیے، جن میں برانچوں کی تعداد بڑھانے، اہم شعبوں کو قرضوں کی فراہمی بہتر بنانے، اور مقامی کاروباری ضروریات کے مطابق صارف دوست بینکاری خدمات متعارف کرانے پر زور دیا گیا۔
وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بینک خطے بھر میں کاروباری افراد، تاجروں، ہنرمندوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے اداروں کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے۔KTMF کے وفد نے تجارتی برادری کے لیے آسان اور مثر بینکاری خدمات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ آسان قرضوں کی فراہمی، حقیقی قرض لینے والوں کی مدد، اور مالی شمولیت کو مضبوط بنانے سے متعلق اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ KTMF نے یہ بھی اجاگر کیا کہ مقامی کاروباروں کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے بینکوں کا فعال کردار نہایت ضروری ہے۔وزیر اعلی نے KTMF اور بینک آف بڑودہ کے اس مشترکہ اقدام کو سراہتے ہوئے اسے مالیاتی اداروں کو نچلی سطح کے اقتصادی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے بینک کے توسیعی منصوبوں کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور جموں و کشمیر میں پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط بینکاری نظام کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر KTMF نے بینک آف بڑودہ کو مکمل تجارتی تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ تاجر برادری بینک کے اقدامات سے بھرپور استفادہ کرے گی۔ بینک آف بڑودہ کے وفد نے وزیر اعلیٰ کی حوصلہ افزائی اور KTMF کی مسلسل حمایت اور شراکت داری پر اظہارِ تشکر کیا۔