مینڈھر //مینڈھر کی پنچایت کانگڑہ گلہوتہ کے گائوں کیر ی میں پانی کابحران پایاجارہاہے ۔یہ علاقہ پہاڑی پر واقع ہے جہاں سے لوگوں کوپانی کیلئے کئی کلو میٹر سفر کرناپڑتاہے تاہم پھر بھی انہیں پانی نہیں ملتا اوراس کیلئے تین تین گھنٹے لگتے ہیں۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ جن لوگوں کے پاس گاڑیاں ہیں،وہ دس دس کلو میٹر دوری سے پانی لاتے ہیں یا جن کے پاس پیسے ہیں تو وہ ٹینکروں کے ذریعہ پانی لاتے ہیں لیکن عام لوگوں کاکوئی پرسان حال نہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ آنے والے دنوں میں حالات اور بھی خراب ہونے کا اندیشہ ہے اور انسان ہی نہیں بلکہ مال مویشی بھی پیاس سے مرجائیںگے ۔ان کاکہناہے کہ علاقے کو پانی سپلائی فراہم کرنے کیلئے پانچ سال قبل نیلی ڈاب کے مقام پر ایک ڈھانچہ کھڑا کیاگیاجہاں پانی دستیاب ہے اور محکمہ کے پاس پائپیں بھی ہیں لیکن مشینری نہیں لگائی گئی جس کی وجہ سے اس کا فائدہ نہیں ہورہا۔ ان کاکہناہے کہ مشینری لگاکر پانی لفٹ کے ذریعہ سپلائی کیاجائے اور ساتھ ہی بالائی علاقے میں ایک ٹینک تعمیر کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ لوگ رات رات بھر پانی کیلئے جاگتے رہتے ہیں لیکن پھر بھی کچھ حاصل نہیںہوتا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ پانچ سال سے یہ سکیم بند پڑی ہے اور محکمہ پی ایچ ای نے مڑ کر اس کو دیکھا بھی نہیں ۔محمد یوسف خان، محمد خلیق خان ، ممتاز خان ،ذاکر خان،نظارت خان وغیرہ نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ اس سکیم کو مکمل کرکے پانی سپلائی کیاجائے اور سڑ ک کنارے رہ رہی آبادی کو ہفتے میں کم از کم دو روز ٹینکروں کے ذریعہ پانی سپلائی کیاجائے ۔