یواین آئی
نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں اپنی صحت کی جانچ کے لیے اپنی عبوری ضمانت کی مدت میں یکم جون سے سات دن تک کی توسیع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے ملزم کیجریوال نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی گرفتاری کے بعد ان کا وزن سات کلو گرام کم ہو گیا ہے۔ ان کی کیٹون کی سطح بہت زیادہ ہے، جو کسی سنگین بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔ کیجریوال نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ‘میکس اسپتال کے متعلقہ ڈاکٹروں نے، جو اس وقت ان کا علاج کر رہے ہیں، نے کچھ ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے، جس میں سات دن کا وقت درکار ہے’۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انہیں پی ای ٹی-سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ پر مشتمل بنچ نے 10 مئی کو کیجریوال کو لوک سبھا انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے یکم جون تک کی عبوری ضمانت دی تھی اور 2 جون کو انہیں جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کا حکم دیا تھا۔