کھیل کے میدان کی عدم دستیابی | نملن بارہمولہ میںکھلاڑیوں کو مشکلات

فیاض بخاری

بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے نملن علاقے میں کھیل کے میدان کی عدم دستیابی کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ نملن نامی اس گائوں میں کھیل کا میدان دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بستی سے کئی کلو میٹر دور کھیل کھلنے کیلئے جانا پڑتا ہے۔ایک مقامی کھلاڑی سجاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں کھیل کا میدان نہ ہونے سے وہ نزدیکی کھیتوں میں کھیل کود کی سرگرمیوں انجام دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بہت سارے ہونہار نوجوان ہیں جو بہت اچھا کرکٹ کھیلتے ہیں لیکن میدان دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر چہ یہاں کھیلنے کیلئے ایک اچھی جگہ موجود ہے لیکن اسے ایک خوبصورت میدان کی شکل دینے کی ضرورت ہے۔علاقے کے کھلاڑیوں نے کھیل کود شعبہ کے ا علیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں کھیل کا میدان تعمیرکرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔