یو این آئی
نئی دہلی/مرکزی وزیر برائے کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے بدھ کے روز کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2026کے دوسرے مرحلے کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے ۔ جموں و کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں ان کھیلوں کا انعقاد 23سے 26فروری تک کیا جائے گا۔ یہ کھیلوا انڈیا ونٹر گیمز کا چھٹا ایڈیشن ہے ۔ڈاکٹر مانڈویہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلمرگ مرحلہ ونٹر اولمپکس کے فوراً بعد منعقد ہو رہا ہے ، جو کہ سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے بہترین وقت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا”لداخ کے شہر لیہہ میں پہلا مرحلہ انتہائی کامیاب رہا۔ ہمیں یقین ہے کہ جموں و کشمیر میں بھی کھلاڑی اسی جوش و خروش کا مظاہرہ کریں گے اور برفانی ڈھلوانوں پر فطرت اور سخت موسمی حالات کا مقابلہ کریں گے ۔گلمرگ میں ہونے والے اس مرحلے میں چار اہم زمروں میں تمغوں کے لئے مقابلے ہوں گے :
اسکی ماؤنٹینیئرنگ (Ski Mountaineering)
الپائن اسکینگ (Alpine Skiing) – اس میں سب سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے ۔
نورڈک اسکینگ (Nordic Skiing)
اسنو بورڈنگ (Snowboarding)
توقع ہے کہ ان مقابلوں میں ملک بھر سے تقریباً 400 ایتھلیٹس اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے ۔گزشتہ سیزن 2025میں انڈین آرمی 18 تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہی تھی، جبکہ ہماچل پردیش دوسرے اور لداخ تیسرے نمبر پر رہا تھا۔
موجودہ سیزن (2026 – لیہہ مرحلہ) : لداخ میں ہونے والے پہلے مرحلے کے اختتام پر ہریانہ 4 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، جو اس نے آئس اسکیٹنگ میں حاصل کیے ہیں۔ لداخ، مہاراشٹر اور تلنگانہ بالترتیب اگلے نمبروں پر موجود ہیں۔
گلمرگ کی کونگدوری سلوپ’ (Kongdoori Slope) پر ہونے والے یہ مقابلے نہ صرف ایڈونچر سے بھرپور ہوں گے بلکہ ہندوستانی ایتھلیٹس کے لئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک سنہری موقع بھی ثابت ہوں گے ۔