محمد تسکین
بانہال //بُدھ کی صبح ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے سراچی علاقے میں گھریلوپالتو جانوروں کیلئے گھاس کاٹ رہی ایک جواں سال خاتون اسوقت لقمہ اجل بن گئی جب پہاڑی سے پیر پھسلنے کی وجہ سے یہ خاتون نیچے کھائی میں گر گئی ۔مہلوک خاتون ایک بچے کی ماں تھی اور آئندہ چند ماہ میں وہ دوسرے بچے کی ماں بننے والی تھی ۔پولیس حکام نے بتایا کہ 23 سالہ ریحانہ بیگم زوجہ بلال احمد ساکن کھاوڑہ کھڑی زیر تعمیر کاونہ – سراچی رابط سڑک پر گھاس کاٹنے کے دوران پہاڑی سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی اور شدید زخمی ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے زخمی خاتون کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا اور وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن چکی تھی ۔ قانونی لوازمات کے بعد میت کو آخری رسومات کیلئے ورثاء کے سہرد کیا گیا اور جب خاتون کی میت اہنے گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچا ہوا تھا اور ہر آنکھ اشک بار تھی ۔ پولیس نے اس معاملے ایک کیس درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔