کٹھوعہ // کٹھوعہ میں محکمہ آب رسانی کے عارضی ملازمین نے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور ’مودی تیرے راج میں بچے بھوکے مرتے ہیں‘ کے نعرے بھی لگائے اور جم کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عارضی ملازمین کے صدر تنویر احمد نے بتایا کہ پچھلے ساڑھے چار سال سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین اور انکے اہل خانہ فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ، بچوں کے داخلے کیلئے ملازمین کے پاس رقومات نہیں ہیں تا کہ وہ بچوں کے سکول میں داخلہ کروا سکیں اور مزید یہ کہ سکول فیس کی ادائیگی نہ ہونے پر بھی سکولوں سے بچوں کو نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے 2014 کے انتخابات میں اچھے دنوں کے خواب دکھا کر ووٹ حاصل کئے اور افسوس کا مقام ہے کہ ابھی تک وہ خواب پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں بھاجپا کے لیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ اور ا ن کے دیگر لیڈروں نے ملازمین کے ساتھ 520 ایس آر او ترمیم کرنے کا وعدہ کیا اور یقین دہانی کرائی تھی کہ 520 ایس آر اومیں ترمیم کی جائے گی لیکن اب 2019 کے انتخابات بھی آگئے لیکن ملازمین کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے جس کا خمیازہ اسمبلی انتخابات میں اٹھانا پڑے گا انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ الیکشن کو بائیکاٹ کرینگے ۔