کٹھوعہ//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کہا ہے کہ گزشتہ 75سال کے دوران عام لوگوں کی جانب سے بعض سیاسی لیڈروں کی شخصیت پرستی کے رجحان نے ہی جموں کشمیر کو موجودہ تباہ کن صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ وہ بنی بلاور جموں کے لوہی ملاڑ علاقے میں اپنی پارٹی کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس جلسے میں پارٹی کے صوبائی صدر (جموں) منجیت سنگھ، پارٹی کی ایس ٹی ونگ کے نائب صدر چودھری سلیم، یوتھ ونگ کے نائب صدر رقیق خان، صوبائی صدر یوتھ ونگ وپل بالی، اور کئی دیگر سینئر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ اس جلسے کا اہتمام پارٹی کے ضلع صدر کٹھوعہ یاسر چودھری نے کیا تھا۔موصولہ بیان کے مطابق ظفر اقبال منہاس نے جموں کشمیر تعمیر و ترقی کے فقدان اور بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ آزادی کے75 سال بعد بھی جموں کشمیر میں بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کا فقدان بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہاں تک کہ طبی اور تعلیمی شعبوں کی بدحالی بھی صاف نظر آتی ہے۔ انہوں نے اس صورت حال کا ذمہ دار جموں کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈروں کو ٹھہراتے ہوئے کہا، ہم ترقی کی دوڑ میں اس لئے پیچھے نہیں رہے ہیں کہ ہمارے پاس کبھی فنڈز کی کوئی کمی رہی ہے۔ ہم موجودہ صورتحال سے اس لئے دوچار ہوگئے ہیں کیونکہ ہمارے لیڈران، جنہیں عوام نے اپنا اعتماد دیا تھا، نے سالہاسال تک لوٹ مچادی۔ بدقسمتی سے لوگ بھی ان لیڈروں کے تئیں شخصیت پرستی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور بار بار انہیں مسند اقتدار پر بٹھاتے گئے۔انہوں نے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ دوبارہ روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈروں کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ اپنے حق دیہی کا دانشمندی کے ساتھ استعمال کریں۔ان کا کہنا تھا، آپ کو اپنے ووٹ کی طاقت کا اندازہ ہونا چاہیے اور اپنے ووٹ کے بل پر صحیح لوگوں کو اپنی نمائندگی کا حق دینا چاہیے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اپنی پارٹی کبھی بھی عوام مفادات کا سودا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا، اپنی پارٹی کی سیاست سچائی پر قائم ہے۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس ہم نہ ہی جذباتی نعروں میں یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی جھوٹے وعدوں پر۔ ہم کبھی بھی عوام کیلئے چاند تارے توڑ لانے کے وعدے نہیں کرتے بلکہ ہم وہی وعدے کرتے ہیں، جن کے بارے میں ہمیں خود یقین ہے کہ ہم انہیں پورا کرسکتے ہیں۔انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، اپنی پارٹی کا بنیادی ایجنڈا جموں کشمیر کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ ہم یہاں کے عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار دیکھنا چاہتے ہیں اور ان اہداف کے حصول کیلئے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ظفر اقبال منہاس نے قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے قیام امن اور مذہبی بھائی چارہ ناگزیر ہے۔ ہمیں فرقہ پرستوں کی جانب سے جموں اور وادی کے عوام کے درمیان پیدا کردہ خلیج کو بھی پاٹنا ہوگا۔ دائمی امن اور خوشحالی کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے۔انہوں نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں گزشتہ روز ایک کشمیری پنڈت کو ہلاک کرنے کی کارروائی پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اس طرح سے معصوم انسانوں کو گولیوں کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھنا درد ناک ہے۔ آخر کب تک یہ بہیمانہ واقعات ہوتے رہیں گے؟ جموں کشمیر کے لوگ پہلے ہی تشدد کی وجہ سے بے پناہ جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرچکے ہیں۔ اب تک ہزاروں معصوم انسان اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ یہ سلسلہ ہر صورت میں بند ہوجانا چاہیے۔