کھریو میں سرگرم جنگجو گرفتار

پانپور//کھریو میں فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کے ایک جنگجو کو گرفتار کرلیاہے۔ اونتی پورہ پولیس، 50آرآر اور 185بٹالین سی آر پی ایف نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنا پر اندروسہ کھریو کو محاصرے میں لیا اور تلاشیاں لیں۔ فورسزنے محاصرے کے دوران میوہ باغ میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور اس دوران ایک مشتبہ شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنایا گیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے نوجوان کی شناخت شاہد احمد کھانڈے ولد عبدالرشید کھانڈے ساکن منڈکھ پال کھریو کے بطور ہوئی ہے جو حزب المجاہدین کا سرگرم جنگجو ہے۔ فورسز نے مذکورہ جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کیاہے۔