فیاض بخاری
بارہمولہ //کھادنیار بارہمولہ میں ڈرینیج سسٹم کی عدم دستیابی کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ خصوصاً وارڈ نمبر 7 کے رہائشیوں نے بنیادی سہولیات کی کمی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری سرکاری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ علاقے میں مناسب نکاسی آب کا نظام موجود نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ پانی جمع رہتا ہے، جس کے نتیجے میں گہرے اور غیر محفوظ گڑھے بن گئے ہیں۔ گزشتہ روز اسی طرح کے پانی سے بھرے ایک گڑھے میں ایک نوجوان لڑکی اچانک گر گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق قریب موجود ایک باہمت خاتون نے فوری طور پر ہمت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لڑکی کو پانی سے باہر نکال لیا۔ بروقت مدد کے باعث ایک بڑا سانحہ رونما ہونے سے بچ گیا، تاہم اس واقعے نے علاقے میں عوامی سلامتی کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارشوں یا پانی کے جمع ہونے کے بعد گلیوں اور سڑکوں پر خطرناک حالات پیدا ہو جاتے ہیں، جس سے خصوصاً بچوں اور خواتین کو شدید خطرہ لاحق رہتا ہے۔ لوگوں نے شکایت کی کہ کئی بار متعلقہ حکام کو مسائل سے آگاہ کیا گیا، مگر اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مقامی عوام نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) بارہمولہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کا فوری معائنہ کیا جائے، مستقل ڈرینیج سسٹم قائم کیا جائے اور کھلے گڑھوں کو بند یا محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔